جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے احتجاج کے باعث کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں متعدد مقامات پر قومی شاہراہیں، موٹرویز، بائی پاسز اور اہم سڑکیں بند ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، جبکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی میں سہراب گوٹھ آنے اور جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق حیدرآباد سے آنے والی گاڑیوں کو پنجاب اڈا سے فاریہ چوک کی جانب بھیجا جا رہا ہے، جبکہ سہراب گوٹھ سے حیدرآباد جانے والی ٹریفک کو گلشن اقبال کی طرف منتقل کیا گیا ہے۔
اسی طرح حب ریور روڈ پر احتجاج کے باعث دونوں اطراف کی سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔ ہیوی ٹریفک کو سڑکوں پر روک کر لائن اپ کیا گیا ہے، جبکہ چھوٹی گاڑیوں کو اندرونی راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔
کراچی میں بلوچ کالونی کے مقام پر شارع فیصل بھی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی، جبکہ ٹھٹہ کراچی شاہراہ پر بھی ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی ہے۔
سندھ میں قومی شاہراہوں پر ٹریفک معطل
حیدرآباد کے قریب ہالہ میں کھنڈو کے مقام پر کراچی اور پنجاب کے درمیان آنے جانے والی ٹریفک رک گئی، جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ حیدرآباد میں وادھو واہ بائی پاس بند ہونے سے کراچی آنے اور جانے والی ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔
شکارپور میں جیل چورنگی، جیکب آباد اور نوابشاہ میں قومی شاہراہیں بند ہونے سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک کا رابطہ متاثر ہوا ہے۔ گھوٹکی میں ٹول پلازہ کے مقام پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ لاڑکانہ میں رتوڈیرو بائی پاس کے قریب انڈس ہائی وے بند کردی گئی ہے۔
بلوچستان میں این 25 اور دیگر اہم شاہراہیں بند
بلوچستان میں این 25 قومی شاہراہ مختلف مقامات پر بند ہونے سے کوئٹہ، کراچی اور دیگر علاقوں کے درمیان آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ بیلہ اور اوتھل میں قومی شاہراہ بند کردی گئی، جبکہ قلات اور مستونگ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔
قلعہ سیف اللہ میں این 50 قومی شاہراہ بھی بند کردی گئی، جس سے مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں موٹروے اور پاک افغان شاہراہ بند
خیبر پختونخوا میں مالاکنڈ ڈویژن کے مقام پر سوات ایکسپریس وے کا آلہ ڈھنڈ ڈھیری انٹرچینج ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ ضلع خیبر میں تختہ بیگ کے مقام پر پاک افغان شاہراہ بند ہونے سے آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔
چارسدہ میں پشاور اسلام آباد موٹروے جبکہ بنوں میں لنک روڈ بند ہونے سے بھی ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے۔
پنجاب میں بھی ٹریفک متاثر
پنجاب کے شہر سرگودھا میں موٹروے انٹرچینج بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث مختلف شہروں کے درمیان سفر کرنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں شاہراہوں کی بندش کے باعث مسافر گاڑیوں، مال بردار ٹرکوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ اہم شاہراہوں کی بندش سے تجارتی سامان کی ترسیل اور بین الصوبائی سفری رابطوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔
مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے متعلقہ ٹریفک پولیس سے راستوں کی تازہ صورتحال معلوم کریں اور بند شاہراہوں کے متبادل راستے اختیار کریں۔