ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے جمعہ 27 نومبر کو وفاقی دارالحکومت کی ریونیو حدود میں مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد عرفان نواز میمن کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن نمبر 1(20)-HC(G)/2026 کے مطابق تعطیل کا اطلاق اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کی ریونیو حدود میں آنے والے تمام دفاتر پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (MCI)، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA)، آئی سی ٹی انتظامیہ، اسلام آباد پولیس، آئیسکو، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) اور ہسپتالوں سمیت ضروری خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو تعطیل سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں ٹریفک ایڈوائزری جاری

غیر ملکی وفود کی آمد و رفت اور سکیورٹی انتظامات کے پیشِ نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 26 سے 28 نومبر تک جڑواں شہروں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے ہیوی ٹریفک کا داخلہ 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک بند رہے گا۔

فیض آباد بس ٹرمینل بھی اسی دورانیے میں بند رہے گا، جس کے باعث بین الاضلاعی سفر کرنے والے مسافروں کو متبادل سفری انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس جزوی معطل

میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس 7ویں ایونیو اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک 26 نومبر رات 10 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک معطل رہے گی۔

تاہم راولپنڈی کے صدر اسٹیشن سے اسلام آباد کے فیض احمد فیض اسٹیشن تک میٹرو بس سروس جاری رہنے کی اطلاع ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل میٹرو بس سروس کی تازہ صورتحال معلوم کر لیں اور متاثرہ روٹس کے لیے متبادل ذرائع استعمال کریں۔

مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریلز بھی بند رہیں گے

سکیورٹی انتظامات کے تحت مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریلز نمبر 3 اور 5 جمعہ 27 نومبر کو صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک بند رہیں گے۔

اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 26 سے 28 نومبر کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے اضافی وقت رکھیں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔

ریڈ زون کے سرکاری ملازمین گھر سے کام کریں گے

کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور سرکاری اداروں کے ملازمین جمعہ کو گھر سے کام کریں گے۔

تاہم افسران اور سیکریٹریٹ عملے کو اپنے اسٹیشن پر موجود رہنے اور ضرورت پڑنے پر مختصر نوٹس پر دفتر پہنچنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تعطیل کی وجہ

سرکاری نوٹیفکیشن میں مقامی تعطیل کی وجہ واضح نہیں کی گئی۔ تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر ملکی وفود کی آمد اور سہ فریقی دفاعی اجلاس کے پیشِ نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں تعطیل اور خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ضروری سرکاری کام کے لیے متعلقہ ادارے سے پہلے رابطہ کریں اور سفر سے قبل ٹریفک پولیس کی تازہ ایڈوائزری ضرور دیکھیں۔