سیکٹر F-12 اور F-13 کے متاثرین اور اصل زمین مالکان نے اپنے واجبات، معاوضوں اور بلٹ اپ پراپرٹی (BUP) کے معاملات حل ہونے تک متعلقہ سرکاری اداروں کو ترقیاتی کام شروع کرنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

نور میرج ہال اسلام آباد میں سیکٹر F-13 کمیٹی کی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ مشترکہ اجلاس میں دونوں سیکٹرز کے اصل مالکان اور متاثرین اسلام آباد الائنس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متاثرین کو درپیش مسائل، معاوضوں کی عدم ادائیگی، BUP معاملات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے بتایا کہ سی ڈی اے کی ٹیموں نے گزشتہ روز سیکٹر F-13 میں سروس روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں سروے شروع کرنے کی کوشش کی، تاہم اصل مالکان نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے سروے رکوا دیا اور اپنے تحفظات سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔

سیکٹر F-13 کے زمین مالکان نے واضح کیا کہ جب تک BUP کے تمام معاملات شفاف اور منصفانہ طریقے سے حل نہیں کیے جاتے اور ان کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی نہیں بنایا جاتا، اس وقت تک سڑکوں کی تعمیر، سروے یا دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے زمین فراہم نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب سیکٹر F-12 کے اصل مالکان نے بھی وفاقی گورنمنٹ ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کو خبردار کیا کہ جائز معاوضوں کی ادائیگی تک سیکٹر میں کسی قسم کا ترقیاتی کام شروع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس میں شرکا نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے اور وفاقی گورنمنٹ ہاؤسنگ اتھارٹی پہلے متاثرین کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کریں، BUP، معاوضوں اور پلاٹوں سے متعلق زیر التوا معاملات نمٹائیں اور اصل زمین مالکان کے قانونی حقوق تسلیم کریں۔

متاثرین اسلام آباد الائنس نے بھی دونوں سیکٹرز کے مالکان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے اصل زمین مالکان کو ان کے جائز حقوق اور واجبات کی ادائیگی یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔

اجلاس کے اختتام پر مشترکہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ متاثرین کے حقوق، BUP معاملات اور معاوضوں کی ادائیگی پہلے یقینی بنائی جائے اور ترقیاتی کام اس کے بعد شروع کیے جائیں۔