وفاقی حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ہفتے کے روز جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ سیل کردی۔
سی ڈی اے کی جانب سے یہ کارروائی جائیداد کے قانونی مالک امان اللہ کا قومی شناختی کارڈ منسوخ ہونے کے بعد کی گئی۔ سی ڈی اے کے بلڈنگ اینڈ ہاؤسنگ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کی جانب سے رہائش گاہ کے مرکزی دروازے پر نوٹس بھی چسپاں کیا گیا، جس میں عمارت کو ملکیت کی منسوخی کی بنیاد پر سیل کرنے کی اطلاع دی گئی۔
27 نومبر کو جاری کردہ حکم نامے کے مطابق سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ-I نے بتایا کہ جائیداد کے مالک امان اللہ ولد محمد یونس کی شناخت غیر ملکی شہری کے طور پر ہوئی ہے، جس کے بعد ان کا پاکستانی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) منسوخ کردیا گیا۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ دستیاب ریکارڈ اور مقررہ قانونی کارروائی کا جائزہ لینے کے بعد امان اللہ کے نام جائیداد کی ملکیت کی تبدیلی (Change of Title) فوری طور پر منسوخ کردی گئی ہے۔
سی ڈی اے نے بلڈنگ اینڈ ہاؤسنگ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کی کہ متعلقہ عمارت سیل کی جائے۔ ضرورت پڑنے پر سی ڈی اے کے دیگر شعبوں اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ سے بھی معاونت حاصل کی جاسکتی ہے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ اسٹیٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ قانونی کارروائی آگے بڑھائے گا۔
دستاویز کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے منصوبے (IFRP) کے فوکل پرسن نے 25 نومبر کو خط کے ذریعے تصدیق کی تھی کہ نادرا کی جانچ پڑتال کے بعد امان اللہ کا پاکستانی شناختی کارڈ منسوخ کیا جاچکا ہے۔ خط میں اسلام آباد میں ان کی مبینہ طور پر حاصل کردہ غیر منقولہ جائیدادوں کے حوالے سے قانونی کارروائی شروع کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ سی ڈی اے نے اس رہائش گاہ کے خلاف کارروائی کی ہو۔ اس سے قبل 30 اکتوبر کو بھی اسی جائیداد کو نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس میں گھر کے باہر جنریٹر رکھنے اور مبینہ غیر قانونی یا غیر مجاز تعمیرات کی نشاندہی کی گئی تھی۔
جے یو آئی اور وفاقی حکومت میں کشیدگی
مولانا فضل الرحمان اور وفاقی حکومت کے درمیان اختلافات گزشتہ کچھ عرصے سے شدت اختیار کر رہے ہیں۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے اور اس وقت کی پی ٹی آئی صوبائی حکومت کو غیر فعال بنانے کے اقدام پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے درمیان ثالثی کی کوششوں کے باوجود وفاقی حکومت اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی اور صوبوں کو ان کے آئینی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے۔ اس معاملے پر ان کے اور وفاقی وزرا کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ بھی ہوا۔
حالیہ ہفتوں میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی مولانا فضل الرحمان کی حمایت کرتے ہوئے ان کے خلاف حکومتی اقدامات کی مذمت کی تھی۔
گزشتہ ہفتے مولانا فضل الرحمان اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کی اسلام آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں رہائش گاہوں پر تعینات پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے اہلکاروں کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی تھی۔ جے یو آئی کے ترجمان نے اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ اسلام آباد میں مولانا کی رہائش گاہ کو پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے اور آنے والے افراد کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ ترجمان نے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کے محاصرے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
تاہم اسلام آباد پولیس کے ایک افسر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ صرف ایک پولیس اہلکار کی ڈیوٹی واپس لی گئی ہے۔
بیٹے کو نیب کے نوٹس، سرگودھا میں داخلے پر پابندی
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود بھی قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارروائی کی زد میں ہیں۔ نیب نے پاکستان پوسٹ میں 2022-23 کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں کے ذریعے کی گئی 4 ہزار 252 بھرتیوں کے معاملے پر انہیں طلب کیا تھا۔ نیب ذرائع کے مطابق اسعد محمود 10 اور 14 نومبر کو جاری کیے گئے دو مسلسل طلبی نوٹسز پر پیش نہیں ہوئے۔
جے یو آئی نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف مبینہ منظم کردار کشی مہم کے خلاف 7 نومبر کو سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں احتجاج بھی کیا تھا۔ پارٹی رہنماؤں نے ان کی رہائش گاہ کی مبینہ ڈرون نگرانی اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے کی مذمت کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے منگل کو دعویٰ کیا تھا کہ انہیں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی میزبانی میں ہونے والی کثیر الجماعتی کانفرنس میں شرکت سے روکنے کے لیے کئی گھنٹوں تک ریاستی محاصرے میں رکھا گیا۔
جمعرات کو حکام نے مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت کے آٹھ دیگر رہنماؤں پر سرگودھا میں داخل ہونے، رہنے یا قیام کرنے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی تھی، جہاں جے یو آئی نے جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پابندی کے باوجود مولانا نے ویڈیو پیغام میں سرگودھا روانہ ہونے کا اعلان کیا۔
اگلے روز مولانا کی جانب سے گرفتاری کا دعویٰ سامنے آنے کے چند گھنٹے بعد لاہور کے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ نے ان کی گرفتاری کی تردید کردی تھی۔
جے یو آئی نے جمعرات اور جمعہ کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں احتجاج کے دوران متعدد کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریوں اور مقدمات کے اندراج کا دعویٰ بھی کیا تھا۔