پاکستان اے نے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں دفاعی چیمپئن کل (اتوار) سری لنکا اے کے خلاف ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گا۔

پاکستان اے نے 233 رنز کا ہدف 4.4 اوورز باقی رہتے ہوئے حاصل کرلیا۔ حسن نواز اور شاہ زیب خان نے نصف سنچریاں اسکور کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے۔ حسن نواز نے 62 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہ زیب خان 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 110 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر ریپون منڈول نے چوتھے اوور میں معاذ صداقت اور شمائل حسین کو آؤٹ کرکے پاکستان کو 21 رنز پر 2 وکٹوں کے نقصان سے دوچار کردیا۔

ابتدائی نقصان کے بعد حسن نواز اور شاہ زیب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔ ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے شاہ زیب نے ابتدا میں محتاط انداز اپنایا، جبکہ حسن نواز نے اسپنرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کی۔

دونوں بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان عبدالصمد اور فرحان یوسف نے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ عبدالصمد نے 44 رنز بنائے جبکہ فرحان یوسف 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت قائم کی۔

عبدالصمد اس وقت آؤٹ ہوئے جب پاکستان کو جیت کے لیے صرف 9 رنز درکار تھے، تاہم فرحان یوسف نے باقی ہدف مکمل کرکے ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔

اس سے قبل بنگلہ دیش اے نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔ شاہادت حسین نے 118 گیندوں پر 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

مہیدل اسلام انکون نے 42 رنز بنائے اور شہادت کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 95 رنز کی شراکت قائم کی۔

پاکستان کی جانب سے علی رضا نے ابتدائی اوورز میں دو وکٹیں حاصل کرکے بنگلہ دیش کو دباؤ میں رکھا۔ سفیان مقیم نے 29 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن کو نقصان پہنچایا۔

سفیان مقیم کی وکٹوں کے باعث بنگلہ دیش اے کا اسکور 110 رنز پر 2 وکٹوں سے 118 رنز پر 5 وکٹوں تک پہنچ گیا۔ حسن نواز اور علی رضا نے بھی دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

تاہم شاہادت حسین نے ایس ایم مہروب اور ریپون منڈول کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کرکے ٹیم کو 232 رنز تک پہنچانے میں مدد دی۔ ریپون منڈول نے آخری وکٹ کے لیے 40 رنز بنائے جبکہ شاہادت نے اننگز کی آخری سے دوسری گیند پر مڈ وکٹ کے اوپر شاندار شاٹ کھیل کر اپنی سنچری مکمل کی۔

شاہادت کی شاندار سنچری بنگلہ دیش کو شکست سے نہ بچا سکی اور پاکستان اے نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے فائنل میں جگہ بنا لی۔

پاکستان اے کل سری لنکا اے کے خلاف میدان میں اترے گا، جہاں وہ رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کا ٹائٹل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔