پاکستانی ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ کی مقبولیت سرحد پار بھی ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے، جہاں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ڈرامے کی خصوصی واچ پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

واچ پارٹی میں شریک مداحوں نے ڈرامے کی کہانی، کرداروں اور یادگار مناظر پر گفتگو کی اور بتایا کہ یہ سیریل ان کے لیے کیوں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ بھارتی ناظرین کی جانب سے پاکستانی ڈرامے میں دلچسپی اس کی مقبولیت کو نمایاں کر رہی ہے۔

تھریز انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تیار کیے گئے ڈرامے ’درِ نجات‘ کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ ہدایت کاری کے فرائض ثاقب خان نے انجام دیے ہیں۔ ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں درفشاں سلیم، شہریار منور، نمیر خان، ثانیہ سعید، سحر ہاشمی اور رومیسہ خان سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔

کہانی زریاب کے گرد گھومتی ہے، جو دل ٹوٹنے کے بعد جدید طرزِ زندگی سے مذہبی طرزِ زندگی کی جانب سفر شروع کرتی ہے۔

دہلی میں پاکستانی ڈرامے کے مداحوں کی واچ پارٹی

بھارت میں ’درِ نجات‘ کے مداح مختلف مقامات، خصوصاً کیفے میں واچ پارٹیز منعقد کر رہے ہیں، جن میں نوجوان ناظرین کی بڑی دلچسپی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

دہلی میں ہونے والی حالیہ تقریب کے دوران شرکاء نے ڈرامے کے ان کرداروں اور مناظر پر گفتگو کی جنہوں نے انہیں کہانی سے جذباتی طور پر جوڑے رکھا۔

ابوبکر کا کردار مداحوں کی توجہ کا مرکز

واچ پارٹی میں گفتگو کا بڑا حصہ ابوبکر کے کردار کے گرد گھومتا رہا۔ مداحوں نے اس کردار کو مردوں اور خواتین دونوں کے لیے متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابوبکر نوجوانوں کو اپنی بری عادتیں ترک کرکے بہتر طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔

ایک شریک نے دلچسپ انداز میں کہا کہ اگرچہ انہوں نے خود ڈرامہ نہیں دیکھا، لیکن ان کی ساتھی مسلسل ابوبکر کی تعریف کرتی رہتی ہیں۔

شہریار منور کے ایک مداح نے پاکستانی ڈراموں کی کہانیوں کو طویل اور غیر ضروری طور پر کھینچے جانے والے ڈراموں کے مقابلے میں زیادہ مربوط اور جاندار قرار دیا۔

ایک اور ناظر کے مطابق ابوبکر کا کردار دراصل بنیادی احترام اور اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرتا ہے، لیکن یہی خصوصیات اسے دوسروں سے منفرد بناتی ہیں۔

زریاب، حمنا اور زامل کے کرداروں پر بھی گفتگو

واچ پارٹی میں زریاب، حمنا اور زامل کے کرداروں پر بھی مختلف آرا سامنے آئیں۔ ایک مداح نے حمنا کے بجائے زریاب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کردار جنوبی ایشیائی خواتین کی نمائندگی کرتا ہے۔

کچھ شرکاء کا خیال تھا کہ زامل کو بھی درست رہنمائی ملنے کی صورت میں اپنی زندگی بہتر بنانے کا موقع دیا جانا چاہیے۔

ابوبکر کی مثالی شخصیت پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک مداح نے مذاقاً کہا کہ وہ حقیقی کردار نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) ہے، کیونکہ کوئی بھی شخص اتنا بہترین اور مثالی نہیں ہوسکتا۔

ہدایت کار ثاقب خان کی بھی تقریب میں شرکت

مداحوں کا کہنا تھا کہ ’درِ نجات‘ کی کہانی مختلف عمروں کے ناظرین سے تعلق قائم کرتی ہے، کیونکہ اس میں پیش کیے گئے جذبات اور حالات سے بہت سے لوگ اپنی زندگی میں بھی گزر چکے ہوتے ہیں۔

ڈرامے کے ہدایت کار ثاقب خان نے بھی فون کال کے ذریعے واچ پارٹی میں شرکت کی اور ناظرین کے سوالات کے جوابات دیے۔

دہلی میں منعقد ہونے والی یہ تقریب پاکستانی ڈراموں کی سرحد پار مقبولیت اور کہانیوں کے ذریعے مختلف معاشروں کے ناظرین کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی عکاس رہی۔