پاکستان میں شمسی توانائی کے تیزی سے فروغ نے بجلی کے شعبے کا روایتی نظام تبدیل کرنا شروع کردیا ہے، 2018 سے 2025 کے دوران بجلی کی پیداوار میں سولر کا حصہ ایک فیصد سے بڑھ کر 28 فیصد ہوگیا، جبکہ تقریباً 70 لاکھ گھرانے سولر پینلز استعمال کررہے ہیں۔ تاہم قومی گرڈ سے صارفین کی بڑھتی ہوئی علیحدگی نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور سرکاری نظام کی مالی پائیداری پر نئے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

پاکستان میں مہنگی بجلی اور غیر مستحکم توانائی کی فراہمی سے پریشان عوام نے حکومتی پالیسیوں کا انتظار کرنے کے بجائے خود شمسی توانائی کی جانب منتقلی شروع کردی ہے۔ گھروں کی چھتوں، کھیتوں، اسپتالوں اور صنعتی مراکز پر سولر پینلز کی بڑھتی ہوئی تنصیب نے ملک کے توانائی کے منظرنامے کو تبدیل کردیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2018 سے 2025 کے دوران بجلی کی پیداوار میں شمسی توانائی کا حصہ ایک فیصد سے بڑھ کر 28 فیصد تک پہنچ گیا۔ پاکستان میں قائم تھنک ٹینک رینیوایبلز فرسٹ کے اعدادوشمار کے مطابق ملک کے تقریباً 70 لاکھ گھرانے سولر پینلز استعمال کررہے ہیں۔

سولر توانائی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اب شادی بیاہ کے موقع پر روایتی تحائف کے ساتھ سولر پینلز اور ایئر کولر بھی دیے جارہے ہیں۔ پنجاب کے ایک دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والے فیصل شہزاد کے مطابق ان کے خاندان نے بھی بجلی کے بلوں سے بچنے کے لیے سولر پینل نصب کیا ہے، جس کے ذریعے گرمیوں میں صبح سے شام تک ایئر کولر چلایا جاتا رہا اور دن کے اوقات میں قومی گرڈ سے بجلی لینے کی ضرورت نہیں پڑی۔

پاکستان میں جہاں اوسط ماہانہ آمدن تقریباً 40 ہزار روپے سے کم بتائی جاتی ہے، وہاں 15 سے 18 ہزار روپے تک کے بجلی بل عام صارفین کے لیے بڑا مالی بوجھ بن چکے ہیں۔ ایسے حالات میں سولر توانائی محض متبادل نہیں بلکہ گھریلو بجٹ کو سنبھالنے کا ذریعہ بنتی جارہی ہے۔

قومی گرڈ کے لیے یوٹیلیٹی ڈیتھ اسپائرل کا خطرہ

سولر انقلاب کے ساتھ پاکستان کے بجلی کے نظام کو ایک نئے معاشی مسئلے کا سامنا ہے، جسے توانائی کے شعبے میں 'یوٹیلیٹی ڈیتھ اسپائرل' کہا جاتا ہے۔

اس صورتحال میں جب زیادہ صارفین قومی گرڈ سے بجلی خریدنا کم کردیتے ہیں تو بجلی کی ترسیل، تقسیم، مرمت اور دیگر مستقل اخراجات پورے کرنے کے لیے صارفین کی تعداد اور آمدن محدود ہوجاتی ہے۔ نتیجتاً باقی صارفین پر اخراجات کا بوجھ بڑھتا ہے اور بجلی مزید مہنگی ہونے لگتی ہے۔ اس کے بعد مزید صارفین سولر کی طرف منتقل ہوجاتے ہیں۔

رینیوایبلز فرسٹ کے انڈسٹری لائزن محمد حسن دجانہ کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں بجلی کے نرخ دوگنا سے زیادہ ہوچکے ہیں، جبکہ چینی سولر پینلز کی قیمتوں میں تقریباً 93 فیصد کمی آئی ہے۔

ان کے مطابق اگر اس صورتحال کو مؤثر پالیسی کے ذریعے نہ سنبھالا گیا تو قومی گرڈ ایک ایسے سرکاری ادارے میں تبدیل ہوسکتا ہے جسے فعال رکھنے کے لیے مسلسل سرکاری مالی معاونت درکار ہوگی۔

وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے بھی قومی گرڈ سے صارفین کی علیحدگی کے مالی اثرات کو تسلیم کیا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں صارفین کے گرڈ سے دور ہونے کے باعث باقی صارفین پر سالانہ 500 ملین ڈالر سے زیادہ کا اضافی بوجھ پڑا ہے۔

آئی پی پیز کے معاہدے اور مہنگی بجلی

پاکستان کے توانائی بحران میں نجی بجلی گھروں کے معاہدے بھی ایک اہم موضوع ہیں۔ ملک میں آئی پی پیز کو ایسے معاہدوں پر تنقید کا سامنا رہا ہے جن کے باعث بجلی کی خریداری کے اخراجات اور مالی ذمہ داریاں بڑھتی رہی ہیں۔

نجی بجلی پیدا کرنے والے اداروں کا مؤقف ہے کہ بجلی کی بلند قیمتوں کی وجوہات میں صرف ان کے معاہدے شامل نہیں بلکہ قومی گرڈ کی ناقص دیکھ بھال اور نظام کی ساختی خامیاں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اویس لغاری کے مطابق حکومت نے بیشتر معاہدوں پر نظرثانی اور مذاکرات کیے ہیں، جبکہ اب توجہ بجلی کے نظام کو زیادہ مؤثر بنانے، توانائی کے ضیاع میں کمی اور اسٹوریج کی سہولیات بہتر بنانے پر ہے۔

نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی سے صارفین پریشان

پاکستان میں سولر توانائی کے فروغ کے دوران نیٹ میٹرنگ کا نظام بھی صارفین کے لیے اہم سہولت رہا ہے۔ اس کے تحت گھروں اور کاروباری اداروں کو اضافی بجلی قومی گرڈ میں فراہم کرنے کے عوض کریڈٹ ملتا تھا، جسے بعد میں گرڈ سے حاصل ہونے والی بجلی کے بل میں ایڈجسٹ کیا جاسکتا تھا۔

تاہم حکومت کی جانب سے اس نظام میں تبدیلی کے بعد سولر صارفین کو اضافی بجلی کی فروخت پر پہلے کے مقابلے میں کم معاوضہ ملنے لگا، جبکہ گرڈ سے بجلی خریدنے کی قیمت زیادہ رہنے کے باعث صارفین کے اخراجات کا حساب بھی تبدیل ہوگیا۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر عارف احسان ملک کے مطابق نئی پالیسی نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو متاثر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے صارفین کو اضافی بجلی فروخت کرنے کے بہتر مواقع حاصل تھے، لیکن اب کم قیمت پر بجلی فروخت کرکے زیادہ قیمت پر واپس خریدنا پڑتی ہے۔

اس کے برعکس وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ سابقہ نظام کے تحت سولر صارفین کو ملنے والے مالی فوائد کا بوجھ دیگر صارفین برداشت کررہے تھے۔ ان کے مطابق اگر پالیسی تبدیل نہ کی جاتی تو آئندہ دو برسوں میں باقی صارفین پر سالانہ 150 سے 200 ارب روپے تک کا اضافی بوجھ پڑسکتا تھا۔

صنعتیں بھی سولر پر منتقل، لیکن گرڈ کی ضرورت برقرار

سولر توانائی کا استعمال صرف گھریلو صارفین تک محدود نہیں رہا بلکہ صنعتی شعبہ بھی اس تبدیلی میں تیزی سے شامل ہورہا ہے۔

اسلام آباد میں واقع کوہ نور ٹیکسٹائل ملز اس کی ایک مثال ہے، جہاں بڑے پیمانے پر سولر پینلز نصب کیے گئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق دن کے وقت دھوپ کی موجودگی میں فیکٹری کی سینکڑوں مشینیں شمسی توانائی سے چلائی جاتی ہیں، جبکہ پہلے استعمال ہونے والے فرنس آئل انجن اب غیر فعال پڑے ہیں۔

تاہم موسم ابر آلود ہونے، فضائی آلودگی اور رات کے اوقات میں صنعت کو قومی گرڈ سے بجلی حاصل کرنا پڑتی ہے۔ اسی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے صنعتی بیٹریوں کی تنصیب کا منصوبہ بھی شروع کیا جارہا ہے تاکہ دن کے دوران پیدا ہونے والی اضافی شمسی توانائی محفوظ کی جاسکے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو طفیق سعید سیگل کے مطابق سولر نظام کا بنیادی مقصد پیداواری لاگت کم کرنا ہے، قومی گرڈ سے مکمل طور پر علیحدگی اختیار کرنا نہیں۔

پاکستان کا 2036 تک 90 فیصد صاف توانائی کا ہدف

حکومت پاکستان نے 2036 کے اختتام تک بجلی کی پیداوار میں صاف توانائی کا حصہ 90 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس میں قابل تجدید ذرائع کے ساتھ جوہری توانائی بھی شامل ہوگی۔

وزیر توانائی کے مطابق حکومت درآمدی توانائی پر انحصار 26 فیصد سے کم کرکے 4 فیصد تک لانا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے لیے سولر بیٹریوں کی مقامی صنعت قائم کرنے اور الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔

تاہم پاکستان کے سامنے بنیادی چیلنج یہ ہے کہ سولر توانائی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور قومی گرڈ کی مالی پائیداری کے درمیان توازن کیسے قائم کیا جائے۔

رینیوایبلز فرسٹ کے محمد حسن دجانہ کے مطابق پاکستان کے پاس دو راستے ہیں: ایک ایسا توانائی نظام جس میں سولر اور قومی گرڈ ایک دوسرے کے ساتھ کام کریں، اور دوسرا ایسا منظرنامہ جس میں گرڈ کی آمدن مسلسل کم ہوتی جائے اور اسے چلانے کے لیے حکومتی وسائل پر انحصار بڑھتا رہے۔

دوسری جانب پنجاب کے دیہی علاقوں میں فیصل شہزاد جیسے صارفین سولر پر اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا منصوبہ مزید 10 سے 15 سولر پینلز اور بیٹریاں نصب کرکے اپنے گھر کو بجلی کے معاملے میں مکمل خودکفیل بنانا ہے۔

پاکستان کا سولر انقلاب ایک طرف مہنگی درآمدی توانائی سے نجات اور صارفین کے اخراجات میں کمی کے مواقع پیدا کررہا ہے، تو دوسری طرف قومی گرڈ، بجلی کی قیمتوں اور سرکاری توانائی اداروں کے مستقبل کے حوالے سے پالیسی سازوں کے لیے ایک بڑا امتحان بھی بن گیا ہے۔