وفاقی حکومت نے بجلی صارفین سے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک تین ماہ کے لیے فی یونٹ 3 روپے 4 پیسے اضافی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) وصول کرنے کی درخواست کردی ہے۔

حکومت نے یہ اضافی رقم یکساں اور مستقبل کے تخمینوں پر مبنی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت وصول کرنے کی تجویز دی ہے، تاکہ صارفین کو اچانک بجلی کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اس معاملے پر 2 دسمبر کو ہنگامی عوامی سماعت طلب کرلی ہے۔ مجوزہ فارورڈ لکنگ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف ایف سی اے) دسمبر سے جاری ہونے والے بجلی کے بلوں میں لاگو ہونے کا امکان ہے۔

حکومت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اضافی ایف سی اے 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھا جائے گا۔ تاہم پاور ڈویژن کے ترجمان نے وضاحت کی کہ اس رقم کا موازنہ ستمبر کے 2 روپے 37 پیسے فی یونٹ ایف سی اے سے کیا گیا تھا۔

نیپرا کے عوامی سماعت کے نوٹس کے مطابق پاور ڈویژن نے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک فی کلوواٹ آور 3 روپے 4 پیسے کی یکساں ایف ایف سی اے مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔

ماہانہ ایف سی اے کا تخمینہ

حکومتی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر کے لیے پہلے سے وصول کیے گئے ریفرنس ریٹ کے علاوہ 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافی ایف سی اے طلب کیا گیا تھا، جس پر عوامی سماعت مکمل ہوچکی ہے۔

نومبر کے لیے اضافی ایف سی اے کا تخمینہ 92 پیسے فی یونٹ لگایا گیا ہے، جبکہ دسمبر کے لیے یہ رقم 5 روپے 13 پیسے فی یونٹ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تینوں مہینوں کے اضافی ایف سی اے کا اوسط 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ بنتا ہے، جسے حکومت نے یکساں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے وصول کرنے کی تجویز دی ہے۔

یہ تخمینہ دستیاب ایندھن کی قیمتوں، ایل این جی کی متوقع فراہمی، اضافی گیس مختص کیے جانے اور تھرمل پاور پلانٹس پر بڑھتے ہوئے انحصار کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔

پاور ڈویژن نے نیپرا سے درخواست کی ہے کہ اکتوبر 2026 کے ایف سی اے سے اس نئے طریقہ کار کو موجودہ ماہانہ نظام میں شامل کیا جائے اور اکتوبر سے دسمبر تک قابلِ اطلاق ایف ایف سی اے کا تعین کیا جائے۔

کابینہ کی ایف سی اے نظام میں تبدیلیوں کی منظوری

وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے موجودہ ماہانہ ایف سی اے نظام میں تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے اور نیپرا کو پالیسی ہدایات جاری کردی ہیں۔

پالیسی ہدایات میں 2013 میں مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) سے منظور شدہ قومی بجلی پالیسی کا حوالہ دیا گیا ہے، جس کے تحت بجلی کے شعبے کی مالی پائیداری، مکمل لاگت کی وصولی، مؤثر ٹیرف نظام اور شعبے میں نقد رقوم کی مناسب دستیابی کو اہم قرار دیا گیا تھا۔

پاور ڈویژن کے مطابق فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ عموماً دو ماہ کے وقفے سے صارفین سے وصول کی جاتی ہے۔ ایندھن کی قیمتوں اور دیگر معاشی عوامل میں تبدیلی سے بجلی کی پیداواری لاگت بڑھ جاتی ہے، جبکہ ان اخراجات کی وصولی میں تاخیر سے پاور سیکٹر کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

عالمی منڈی میں ایندھن مہنگا ہونے سے پیداواری لاگت میں اضافہ

حکومتی درخواست میں حالیہ علاقائی تنازع کو عالمی ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی چین متاثر ہونے کی اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔

آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی، جبکہ بجلی کے بنیادی ٹیرف کے تعین کے وقت تقریباً 70 ڈالر فی بیرل قیمت فرض کی گئی تھی۔

قطر کی جانب سے فورس میژر کے اعلان کے بعد پاکستان نے دستیاب معاہدہ شدہ سپلائی اور ضرورت پڑنے پر اضافی اسپاٹ کارگوز کے ذریعے ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی ضروریات پوری کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

اسی طرح عالمی کوئلے کی منڈی میں بھی قیمتوں اور سپلائی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ درآمدی کوئلے کی قیمت تقریباً 123 ڈالر فی ٹن تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بنیادی ٹیرف کے تعین میں 85 ڈالر فی ٹن قیمت فرض کی گئی تھی۔

حکومت کے مطابق ایندھن کی درآمدی لاگت میں اضافے سے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں۔

مجوزہ 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ یکساں ایف سی اے کا مقصد اضافی ایندھن کی لاگت کو تین ماہ میں تقسیم کرنا ہے، تاکہ صارفین پر ایک ہی ماہ میں پورا مالی بوجھ منتقل نہ ہو۔

نیپرا عوامی سماعت کے بعد حکومت کی درخواست کا جائزہ لے کر قابلِ اطلاق ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کرے گا۔