وفاقی دارالحکومت میں مجوزہ اسلام آباد کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیراتی لاگت میں 4.8 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد منصوبے کی مجموعی لاگت 11.9 ارب روپے سے بڑھ کر 16.7 ارب روپے ہوگئی ہے۔

کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسٹیڈیم کے دونوں مراحل کے نظرثانی شدہ پی سی ون (PC-I) تیار کرلیے ہیں، جنہیں منظوری کے لیے آئندہ سی ڈی اے ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (DWP) کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

سی ڈی اے کے ایک افسر نے روزنامہ ڈان کو بتایا کہ ابتدائی طور پر تیار کیے گئے غیر منظور شدہ پی سی ون میں منصوبے کی لاگت 11.9 ارب روپے رکھی گئی تھی، تاہم اضافی تعمیراتی اور تکنیکی سہولیات شامل کرنے کے بعد تخمینہ بڑھ کر 16.7 ارب روپے ہوگیا ہے۔

نظرثانی شدہ منصوبے میں اسٹیڈیم کے گرے اسٹرکچر، فنشنگ، روشنی کے انتظامات، ہیٹنگ، وینٹی لیشن اور ایئرکنڈیشننگ (HVAC) سسٹم، گراؤنڈ اور پچز کی تیاری سمیت سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب بھی شامل ہے۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق ابتدائی منصوبے میں اسٹیڈیم کی نشستوں کی گنجائش 25 ہزار رکھی گئی تھی، تاہم رواں سال تجاویز طلب کرتے وقت اسے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد نئے پی سی ون میں اضافی سہولیات اور تعمیراتی کام بھی شامل کیے گئے۔

اسٹیڈیم کی تعمیر دو مراحل میں مکمل ہوگی

سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ پی سی ون میں تبدیلی کا منصوبے کی تعمیر شروع کرنے سے کوئی تعلق نہیں۔ گرے اسٹرکچر اور سڑکوں کے نیٹ ورک کے لیے بولی کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے اور پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں اسٹیڈیم کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا، جسے چھ ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

دوسرے مرحلے کے لیے پی سی ون کی منظوری کے بعد سی ڈی اے ٹینڈرنگ کا عمل شروع کرے گا۔ حکام کے مطابق کوشش کی جائے گی کہ دونوں مراحل سمیت پورا منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کرلیا جائے۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے حالیہ پریس ٹاک میں اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد 10 روز کے اندر رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان میں ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 کے میچز کی میزبانی کا امکان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک عہدیدار کے مطابق اگر اسلام آباد کرکٹ اسٹیڈیم مقررہ وقت پر مکمل ہوگیا تو پاکستان 2028 کے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعض میچز وفاقی دارالحکومت میں منعقد کرا سکتا ہے۔

مجوزہ اسٹیڈیم کی نشستوں کی گنجائش 35 ہزار ہوگی، جس کے بعد یہ پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم بن جائے گا۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق اسٹیڈیم کا ڈیزائن دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کی طرز پر تیار کیا جائے گا۔ منصوبے کے لیے مارگلہ کی پہاڑیوں کے دامن میں سیکٹر ڈی 12 کے قریب جگہ مختص کی گئی ہے۔

تعمیراتی ٹھیکہ 8.5 ارب روپے میں دیا گیا

سی ڈی اے کو چند ماہ قبل حبیب، زیڈ کے بی اور ای اے کے مشترکہ منصوبے (Joint Venture) کی جانب سے 8.9 ارب روپے کی بولی موصول ہوئی تھی۔

اس رقم میں سے 5.8 ارب روپے تین منزلہ اسٹیڈیم اسٹرکچر جبکہ 3.1 ارب روپے بیرونی تعمیراتی کاموں کے لیے مختص کیے گئے تھے۔ بیرونی کاموں میں تقریباً تین کلومیٹر طویل تین تین لین پر مشتمل سڑکیں اور متعلقہ بنیادی ڈھانچہ شامل ہے۔

بعد ازاں سی ڈی اے نے تعمیراتی کمپنی سے 40 کروڑ روپے کی رعایت حاصل کی، جس کے بعد معاہدے کی رقم کم ہوکر 8.5 ارب روپے رہ گئی۔

زون تھری میں تعمیرات پر سوالات

اسلام آباد کرکٹ اسٹیڈیم کے لیے منتخب کردہ مقام زون تھری میں واقع ہے، جہاں عمومی طور پر تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور مقامی زمین مالکان کو بھی اپنی اراضی پر رہائشی تعمیرات کی اجازت نہیں۔

تاہم سی ڈی اے کا مؤقف ہے کہ اس زون میں کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کی اجازت ہے اور کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر بھی انہی مجاز سرگرمیوں میں شامل ہے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے سی ڈی اے سے زمین حاصل کرنے کے بعد شکرپڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر شروع کی تھی، تاہم سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد یہ منصوبہ ترک کردیا گیا تھا۔

اس مرتبہ کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی ذمہ داری خود سی ڈی اے نے سنبھال رکھی ہے۔