محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ ہفتے کے دوران زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے جبکہ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں اور بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں پر مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ موجود ہے، جس کے باعث گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہوسکتی ہے۔

ہفتہ 14 نومبر کو بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، خیبر اور کرم میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

اسی طرح رات کے اوقات میں شمال مشرقی پنجاب کے شہروں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، قصور اور بہاولنگر جبکہ پوٹھوہار ریجن میں مری، گلیات، راولپنڈی اور چکوال کے بعض مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار 15 نومبر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ تاہم آزاد کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔

پیر 16 نومبر سے جمعرات 19 نومبر تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں سردی برقرار رہے گی۔ اس دوران پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

جمعہ 20 نومبر کو بھی بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور بالائی حصوں میں سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم شمالی پہاڑی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم ہوسکتا ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بالخصوص صبح اور رات کے اوقات میں دھند کے باعث محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے، کیونکہ کم حدِ نگاہ کے باعث سڑکوں پر سفر متاثر ہوسکتا ہے۔