انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ نے 2035 تک بڑے عالمی کرکٹ ایونٹس کے شیڈول، مقابلوں کے فارمیٹس اور کوالیفائنگ کے طریقہ کار کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 2028 کے ٹی 20 ورلڈ کپ سے لے کر 2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ سمیت متعدد بڑے ٹورنامنٹس کی تاریخیں طے کرلی گئی ہیں۔

آئی سی سی بورڈ کا اجلاس اتوار کو انڈونیشیا کے شہر بالی میں منعقد ہوا، جس میں عالمی کرکٹ کے آئندہ مقابلوں کے شیڈول اور کوالیفائنگ نظام سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

منظور شدہ شیڈول کے مطابق 2028 کا ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مشترکہ طور پر منعقد کریں گے۔ یہ ٹورنامنٹ 12 اکتوبر سے 12 نومبر 2028 تک کھیلا جائے گا۔

اسی طرح 2029 کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (WTC) کا فائنل انگلینڈ میں 8 سے 12 جون تک ہوگا، جبکہ اسی سال چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھارت کرے گا۔ یہ ایونٹ 9 سے 28 اکتوبر 2029 تک منعقد ہوگا۔

آئی سی سی کے فیصلے کے مطابق 2030 کا ٹی 20 ورلڈ کپ انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں مشترکہ طور پر 4 جولائی سے 4 اگست تک کھیلا جائے گا۔

2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور بنگلہ دیش مشترکہ طور پر کریں گے۔ یہ عالمی ایونٹ 9 اکتوبر سے 23 نومبر 2031 تک جاری رہے گا۔

2032 اور 2034 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میزبان بعد میں طے ہوں گے

آئی سی سی نے 2032 اور 2034 کے ٹی 20 ورلڈ کپ جبکہ 2033 کی چیمپئنز ٹرافی کے میزبان ممالک کا فیصلہ بعد میں کرنے کا اعلان کیا ہے۔

2027 ون ڈے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے کی تفصیلات

آئی سی سی نے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے کا طریقہ کار بھی طے کرلیا ہے۔

اس سلسلے میں کوالیفائر ٹورنامنٹ فروری سے مارچ 2027 تک منعقد ہوگا، جس میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 23 میچز کھیلے جائیں گے۔

کوالیفائر میں ٹاپ چار پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ ان میں سے ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم براہ راست ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں جگہ حاصل کرے گی۔

آئی سی سی کے ان فیصلوں کو عالمی کرکٹ کے مستقبل کے مقابلوں کی منصوبہ بندی اور مختلف ٹیموں کے لیے کوالیفائنگ کے راستے متعین کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔