نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ویٹ ٹریننگ یا مزاحمتی ورزش ڈپریشن کی علامات میں کمی کے لیے دیگر جسمانی سرگرمیوں، خصوصاً کارڈیو ورزش کے مقابلے میں قدرے زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔

محققین کے مطابق وزن اٹھانے اور پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزش نہ صرف جسمانی صحت بہتر کرتی ہے بلکہ خود اعتمادی، احساسِ کامیابی اور ذہنی کیفیت پر بھی مثبت اثر ڈال سکتی ہے۔

طبی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں 80 بے ترتیب کنٹرولڈ مطالعات کے 6 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ ان مطالعات میں ویٹ ٹریننگ، کارڈیو، یوگا، اسٹریچنگ، آرام کی تکنیکوں اور دیگر جسمانی سرگرمیوں کے ذہنی صحت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے مطابق مزاحمتی ورزش ڈپریشن کی علامات کم کرنے میں دیگر سرگرمیوں اور غیر فعال رہنے کے مقابلے میں معمولی مگر قابلِ ذکر برتری رکھتی ہے۔ کارڈیو ورزش کے مقابلے میں بھی ویٹ ٹریننگ کا اثر قدرے بہتر پایا گیا، تاہم دونوں کے درمیان فرق محدود تھا۔

محققین نے یہ بھی پایا کہ ذہنی صحت کی تشخیص شدہ بیماریوں میں مبتلا افراد میں مزاحمتی ورزش کے مثبت اثرات نسبتاً زیادہ نمایاں تھے۔ خواتین اور ہفتے میں کم از کم چار مرتبہ ورزش کرنے والے افراد میں بھی موڈ بہتر ہونے کی اطلاع زیادہ دی گئی۔

ماہرین کے مطابق ویٹ ٹریننگ کے دوران وزن اٹھانے، ورزش کی تعداد بڑھانے اور جسمانی کارکردگی میں بہتری جیسے قابلِ پیمائش اہداف انسان میں کامیابی اور خود اعتمادی کا احساس پیدا کر سکتے ہیں۔ ڈپریشن کے باعث بعض افراد خود کو بے اختیار یا کم اعتماد محسوس کرتے ہیں، ایسے میں جسمانی طاقت میں بتدریج اضافہ انہیں اپنی کوششوں کے مثبت نتائج دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

تاہم ماہرین نے واضح کیا کہ تحقیق کے نتائج کو حتمی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ڈپریشن کے مریضوں پر خصوصی توجہ دینے والے مطالعات کی تعداد محدود تھی، جبکہ بیشتر تحقیقات 12 ہفتوں سے زیادہ جاری نہیں رہیں۔ اس لیے طویل مدت میں ویٹ ٹریننگ کے ذہنی صحت پر اثرات کے بارے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈپریشن کے علاج کے لیے ویٹ ٹریننگ کو ایک معاون طریقہ سمجھنا چاہیے، نہ کہ نفسیاتی علاج یا ادویات کا متبادل۔ مریضوں کو اپنی طبی حالت کے مطابق معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔

تحقیق میں شامل ماہرین نے ابتدا میں ہفتے کے دو دن ہلکی ورزش کرنے، ریزسٹنس بینڈ، ہلکے ڈمبلز یا جسمانی وزن کے ذریعے اسکواٹس جیسی سرگرمیوں سے آغاز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ورزش کی شدت اور دورانیہ بتدریج بڑھایا جا سکتا ہے۔

ماہرین نے یہ بھی زور دیا کہ اگر کسی شخص کو واک، سائیکلنگ، تیراکی یا دیگر کارڈیو سرگرمیوں سے ذہنی سکون ملتا ہے تو اسے ترک نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق باقاعدہ ورزش، بہتر نیند، روزمرہ معمولات اور سماجی رابطے ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں مشترکہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔