بھارتی ریپر اور گلوکار یو یو ہنی سنگھ اور پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کی دبئی میں ایک دوست کی شادی کے موقع پر ملاقات نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔

دونوں معروف فنکاروں کی ایک ہی تقریب میں موجودگی اور ایک ساتھ تصویر سامنے آنے کے بعد مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ سوشل میڈیا پر اس غیر متوقع ملاقات کو موسیقی کی دنیا کا ایک دلچسپ لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ہنی سنگھ اور عاطف اسلم کا شمار جنوبی ایشیا کے مقبول موسیقاروں میں ہوتا ہے۔ دونوں نے اپنے منفرد انداز اور کامیاب گانوں کے ذریعے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں بڑی تعداد میں مداح بنائے ہیں۔

ہنی سنگھ بھارتی میوزک انڈسٹری میں اپنے ریپ اور ہپ ہاپ گانوں کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں، جبکہ عاطف اسلم اپنی منفرد آواز اور رومانوی گیتوں کے باعث پاکستان سمیت عالمی سطح پر مقبول ہیں۔

دبئی میں ہونے والی اس ملاقات نے دونوں فنکاروں کے مداحوں کو ایک خوشگوار سرپرائز دیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اس لمحے کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے دونوں گلوکاروں کو ایک ساتھ دیکھ کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

تاہم اس ملاقات کے دوران کسی مشترکہ میوزک پروجیکٹ یا گانے کے حوالے سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔