گرین انٹرٹینمنٹ کے مقبول ڈرامے ’مٹی دے باوے‘ کی ایک حالیہ قسط میں فجا کو فلمی منظر کی شوٹنگ کے دوران گولی لگنے کے واقعے نے ناظرین کی توجہ حاصل کرلی ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر کردار کے مستقبل اور ممکنہ انجام سے متعلق نئی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔
معروف مصنفہ فائزہ افتخار کے تحریر کردہ اور سید وجاہت حسین کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے میں ماہرہ خان، وہاج علی، سہیل احمد اور امر خان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ڈرامے کی کہانی میں مختلف کرداروں کے درمیان کشمکش اور پیچیدہ تعلقات کو نمایاں کیا گیا ہے۔ با لا اور فجا کے کرداروں نے بھی کہانی میں سنسنی اور تجسس پیدا کر رکھا ہے۔
سہیل احمد کا ادا کردہ کردار فجا اپنی پراسرار چالوں، اثر و رسوخ اور منفی طرزِ عمل کے باعث ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ حالیہ قسط میں ایک فلمی منظر کی شوٹنگ کے دوران فجا کو اس کا قریبی دوست گولی مارتا دکھائی دیتا ہے۔ اس منظر نے کہانی میں ایک نیا موڑ پیدا کرنے کے ساتھ کردار کے مستقبل پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
کیا با لا فجا کی موت کا سبب بنے گا؟
اس منظر کے بعد سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ فجا کا انجام با لا کے ہاتھوں ہوسکتا ہے۔ بعض ناظرین کے مطابق با لا کو جب اچھی سے متعلق فجا کی حقیقت معلوم ہوگی تو دونوں کرداروں کے درمیان کشیدگی خطرناک صورت اختیار کر سکتی ہے۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ یہ منظر فجا کے مستقبل کی طرف اشارہ ہے اوربا لا بالآخر اسے قتل کردے گا۔ ایک دوسرے ناظر نے پیش گوئی کی کہ جب با لا کو اچھی کے معاملے میں فجا کی حقیقت معلوم ہوگی تو وہ اس کی جان لے سکتا ہے۔
ایک اور صارف نے دوست کے ہاتھوں قتل کیے جانے کے امکان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں انسان کو اپنے قریبی دوست سے بھی خطرہ ہوسکتا ہے۔
تاہم ڈرامے میں فجا کے کردار کا حقیقی انجام کیا ہوگا اور گولی لگنے کا منظر کہانی میں کس طرح اہمیت اختیار کرے گا، اس بارے میں فی الحال کوئی حتمی وضاحت سامنے نہیں آئی۔
ناظرین کی یہ قیاس آرائیاں ظاہر کرتی ہیں کہ فجا اور با لا کے درمیان تنازع اب ڈرامے کی کہانی کا ایک اہم اور دلچسپ پہلو بن چکا ہے۔ آنے والی اقساط ہی واضح کریں گی کہ فجا کا کردار مزید طاقتور ہوگا یا اس کا انجام کہانی میں ایک بڑی تبدیلی کا سبب بنے گا۔