وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے گریڈ 17 سے 21 تک کے 54 افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ریونیو ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر 2525-IR-I/2026 کے مطابق یہ تبادلے فوری طور پر اور آئندہ احکامات تک نافذ العمل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں ان لینڈ ریونیو سروس کے اعلیٰ اور درمیانی سطح کے افسران کو ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد، ریجنل ٹیکس دفاتر، لارج ٹیکس پیئرز آفسز، کارپوریٹ ٹیکس دفاتر اور دیگر متعلقہ اداروں میں نئی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔
اعلیٰ افسران کی اہم تقرریاں
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محمد سرمد قریشی کو چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس ملتان کی ذمہ داری سے تبدیل کرکے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ممبر سیلز ٹیکس اینڈ فیڈ (ٹیکنیکل) تعینات کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر شاہ خان کو ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں ممبر کی ذمہ داری سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریونیو اینالیسز مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایف بی آر کے مختلف ونگز اور فیلڈ دفاتر میں گریڈ 20 اور 19 کے افسران کی بھی بڑے پیمانے پر نئی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ ان میں سیلز ٹیکس اینڈ فیڈ، ان لینڈ ریونیو آپریشنز، لیگل ونگ، ریفنڈز اور ریونیو اینالیسز سے متعلق عہدے شامل ہیں۔
لارج ٹیکس پیئرز اور ریجنل ٹیکس دفاتر میں تبدیلیاں
تبادلوں کے تحت کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد، ساہیوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، بہاولپور، کوئٹہ اور حیدرآباد کے مختلف ٹیکس دفاتر میں بھی افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
گریڈ 19 کے متعدد افسران کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اور ایڈیشنل کمشنر کے عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 18 کے کئی افسران کو ایڈیشنل کمشنر سے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو کے عہدوں پر منتقل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ان لینڈ ریونیو سروس اکیڈمی لاہور، ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن اور نیشنل فیس لیس سینٹر اسلام آباد میں بھی نئی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔
بعض افسران کو اضافی چارج بھی سونپے گئے ہیں، جبکہ چند تقرریاں متعلقہ افسران کی اسپیشلائزڈ مینجمنٹ کورس (SMC) سے واپسی سے مشروط رکھی گئی ہیں۔
الاؤنس اور چارج کی منتقلی سے متعلق ہدایات
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ جن افسران کو تبادلوں سے قبل پرفارمنس الاؤنس مل رہا تھا، وہ نئی تعیناتی کے مقام پر بھی یہ الاؤنس وصول کرتے رہیں گے۔
تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عہدے کا چارج چھوڑنے اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد چارج ریلیونکوشمنٹ اور اسامپشن کی رپورٹس فوری طور پر ایف بی آر کو ارسال کریں تاکہ سرکاری ریکارڈ اور مزید انتظامی کارروائی مکمل کی جا سکے۔